بیگم نصرت بھٹو کا مرثیہ

روس کے مایہ ناز ناول نگار میکسم گورکی کا ایک شہرہ آفاق ناول ’’دی مدر‘‘ ہے۔ اس میں 19ویں صدی کے روس کا ذکر ہے جب زار بادشاہوں سے لوگ تنگ آگئے تھے اور بیداری کی تحریک شروع ہوا چاہتی تھی۔ ناول کی ہیروئن عام عورت ہے جس کا پہلے خاوند مرتا ہے پھر اُس کا بیٹا زار بادشاہوں کے خلاف تحریک کی نذر ہو جاتا ہے۔ وہ عورت بیٹے کی محبت میں اس تحریک کو آگے بڑھاتی ہے اور پورے معاشرے کی ماں کا درجہ حاصل کرلیتی ہے۔ آئیے! ہماری ایک جانی پہچانی خاتون کی کہانی لکھتے ہیں۔

وہ 22برس کی تھی کہ سہاگن ہوگئی اور 28برس کے بعد سہاگن سے بیوہ کردی گئی۔ وہ خوش قسمت تھی کہ اُس کے شوہر پاکستان کے چوتھے صدر اور پھر پہلے جمہوری آئینی وزیراعظم بنے، بیٹی دو مرتبہ وزیراعظم بنی جبکہ داماد دو مرتبہ صدرِ مملکت بنے۔ وہ بدقسمت تھی کہ اپنی زندگی میں اس نے اپنے خاوند کو پھانسی چڑھتے دیکھا۔ دونوں جوان بیٹوں اور بیٹی کو قتل ہوتے بھی دیکھا۔ شائد اس لیے کہ اس کے گھر میں ایک بھوت گھس آیا جس نے آدم بو آدم بو کی بجائے بھٹو بو بھٹو بو کہنا شروع کیا اور پھر چن چن کر بھٹو بو والوں کو کھا گیا۔

لوگ اسے نصرت کہتے تھے اس لیے کہ وقت کے حکمران اس کے گھر میں تھے لیکن وہی جانتی تھی کہ حکمرانوں کی مقتل گاہ بھی اسی کا گھر تھا۔ کسی خاتونِ اول نے اقتدار کے اتنے روپ نہیں دیکھے اور اپنوں کی اتنی لاشیں نہیں اٹھائیں۔ اس کے کندھے بہت مضبوط تھے۔ اس نے خاوند، بیٹی اور دونوں جوان بیٹوں کے جنازے اٹھائے لیکن دیکھئے کہ اس کے چاہنے والوں سے اس اکیلی کا جنازہ نہیں اٹھایا گیا۔ اس کی ٹریجڈیز میں مقدر کا دخل تو ہے ہی مگر دوسروں کی حاسد نیتوں اور کم ظرفیوں کا دخل زیادہ لگتا ہے۔

1996ء تک اس کا خاوند اور دونوں بیٹے مار دیئے گئے تو اس نے اب خون کا رنگ نہ دیکھنے کا فیصلہ کرلیا اور اپنی یادداشتوں کو بھلا دیا۔ جب وہ 23اکتوبر 2011ء کو 14برس پہلے اگلے جہان پہنچی ہوگی تو حیران ہوگئی ہوگی کہ اس کی دو دفعہ وزیراعظم رہنے والی چہیتی اور لائق بیٹی بینظیر اس سے پہلے وہاں پہنچ چکی ہے۔ اس کا میکہ ایک اور ملک تھا لیکن سسرال پاکستان تھا۔ اس کی اولاد میں سے ایک بچے کے علاوہ خاوند سمیت سب بچے ہلاک کردیئے گئے لیکن خواتین پر تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے والے دنیا کے کسی ادارے نے اسے اتنا ظلم سہنے کا ایوارڈ نہیں دیا۔

وہ جو نصرت تھی بھٹو سے شادی کرکے نصرت بھٹو بن گئی اور اپنے گھر کی بنیاد رکھی۔ اس نے تقریباً سب کو باری باری رخصت کیا پھر خود گئی۔ آخر وہ گھر والی تھی ناں۔ اس کے گھر میں حکمران بستے بھی تھے اور مرتے بھی تھے۔ نصرت بھٹو کی موت پر بھی کچھ لوگ اندر ہی اندر اس کے خلاف کینہ رکھے ہوئے تھے۔ اب اس کی 14ویں برسی کے موقع پر اُن لوگوں سے پوچھا جائے کہ آپ سب نے ایک عورت کی کوکھ سے جنم لیا، عورتوں کی کوکھ سے جنم لینے والے یہ سب نقاد نصرت بھٹو کو ایک عورت ہی سمجھ لیتے۔

اگر معاشرے کی نمائندگی کرتے ہوئے روسی لٹریچر میں عورت اپنے ایک بیٹے کو ڈکٹیٹروں کے خلاف قربان کرکے معاشرے کی ماں بن سکتی ہے تو نصرت بھٹو کو اپنے صدر اور وزیراعظم خاوند کو پھانسی، دونوں جوان بیٹوں کو قتل اور دو دفعہ وزیراعظم رہنے والی بیٹی کو شہید ہوتا دیکھنے کا حوصلہ رکھنے پر مادرِ جمہوریت کہنا غلط نہ ہوگا کیونکہ اس کے خاندان کو جمہوریت کے دشمنوں کے انتقام نے ہی تو ختم کیا۔ ورنہ وہ گھر والی تھی اور حکمرانوں والی تھی۔

بے حسی کی دنیا میں دو سوال میرے بھی
کس طرح جیا جائے؟ کس لیے جیا جائے؟

اپنا تبصرہ لکھیں