تحریک انصاف نے بشریٰ بی بی کیخلاف دی اکانومسٹ آرٹیکل کو کردار کشی قرار دیدیا

بیرسٹر گوہر نے رپورٹ کو شرانگیز اور جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ میں شائع ہونے والے آرٹیکل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے بانی کی کردار کشی قرار دیا۔

بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اس آرٹیکل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں اور یہ رپورٹ شرانگیز، جھوٹ پر مبنی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی بہادری کے ساتھ جیل میں ہیں اور ان پر لگائے گئے الزامات پہلے بھی بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں، اس لیے یہ رپورٹ بھی من گھڑت کہانیوں پر مبنی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا “ایسے ہتھکنڈوں سے بشریٰ بی بی کو نہیں توڑا جا سکے گا، اور اس وقت جب وہ جیل میں ہیں، اس قسم کے آرٹیکل آنا غیر مناسب ہے۔ ہم قانونی چارہ جوئی کریں گے۔”انہوں نے بی بی سی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح امریکی صدر کی تقریر کو غلط ایڈٹ کرنے پر بی بی سی نے معافی مانگی تھی، وقت ثابت کرے گا کہ یہ باتیں بھی غلط بیانی اور بے بنیاد ہیں۔

واضح رہے کہ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر خصوصی رپورٹ شائع کی، جس میں کہا گیا کہ ان کی روحانی مشیر سے شادی نے ملک کو حیران کیا اور وہ فیصلہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آتے ہیں یا جیل میں ہی رہتے ہیں۔