تھائی لینڈ :پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم کی تاریخی کامیابی، ایشین چیمپئن بن گیا

تھائی لینڈ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ایشیائی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی اور آئندہ انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ میں بھی کوالیفائی کر لیا۔

تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں ایران کو 2-3 سے شکست دی۔ ایران نے ابتدائی دو سیٹس جیت کر برتری حاصل کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل تین سیٹس جیت کر مقابلہ اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے شکست دی تھی۔ پورے ایونٹ کے دوران قومی ٹیم ناقابلِ شکست رہی۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے آئندہ سال ہونے والی انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے، جو ٹیم کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان والی بال فیڈریشن اور شائقین کھیل نے ٹیم کی اس یادگار فتح پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں