تیسرا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی

فیصل آباد (اسپورٹس رپورٹر) — پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 144 رنز کا آسان ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

اوپنر صائم ایوب نے دلکش بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم 27 اور محمد رضوان 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلمان علی آغا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نیندرے برگر اور بیون فورٹین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پوری ٹیم 37.5 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پروٹیز کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 رنز بنائے جبکہ ڈری پریٹوریئس نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے بعد کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان نے آج کے میچ میں دو تبدیلیاں کیں — حارث رؤف اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا، جبکہ نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کو ڈراپ کیا گیا۔

یاد رہے کہ دوسرے ون ڈے میں کوئنٹن ڈی کاک کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کی تھی، تاہم آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔

اپنا تبصرہ لکھیں