ٹوکیو(ایجنسیاں)جاپان نے اتوار کے روز بحرالکاہل کے شمالی حصے میں 6.7 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) کے مطابق زلزلہ شام 5 بج کر 3 منٹ پر (پاکستانی وقت کے مطابق 1 بج کر 3 منٹ) ایواتے کے ساحل کے قریب سمندر میں آیا، جس کے بعد ایک میٹر تک اونچی لہروں کے خدشے کے پیش نظر انتباہ جاری کیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی ہے۔جے ایم اے کے مطابق ایواتے کے ساحلی علاقوں میں سونامی کے خطرے کے باعث مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے بتایا کہ سمندر میں سونامی لہریں دیکھی گئی ہیں، اور شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں۔ تاہم، ٹی وی مناظر میں سمندر نسبتاً پرسکون دکھائی دیا۔یہ خطہ 2011 کے تباہ کن زلزلے اور سونامی کی یادوں سے آج بھی لرزاں ہے جب 9.0 شدت کے زلزلے نے فوکوشیما ایٹمی سانحے کو جنم دیا تھا جس میں 18 ہزار 500 افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے۔
جاپان چار بڑی ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہے اور “رِنگ آف فائر” کہلانے والے زلزلہ خیز علاقے کا حصہ ہے۔ 12 کروڑ 50 لاکھ آبادی والا یہ ملک سالانہ 1500 سے زائد زلزلے محسوس کرتا ہے جن میں سے زیادہ تر معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں مگر بعض اوقات ان کے اثرات انتہائی تباہ کن ثابت ہوتے ہیں۔

