جدہ(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے. ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا .پاک سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا.علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کی گئی .پاک سعودی عسکری تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا.

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔فریقین نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کیلئےمشترکہ کوششوں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ابھرتی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی۔انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئےاپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئےہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی رہنمائی میں پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

