جدہ / سعودی عرب (آئی پی اے پی، دفتر خارجہ)سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خانے کی نئی چانسری عمارت کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ تقریب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتے کو کی، جس میں اعلیٰ سفارتی شخصیات، سعودی معززین، پاکستانی کمیونٹی اور قونصل خانہ کے حکام نے شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افتتاحی تقریب کے دوران نئی چانسری عمارت کے احاطے میں پاکستانی پرچم کشائی کی گئی، شجرکاری کی گئی اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی شامل تھی۔ اس موقع پر قونصل جنرل آف پاکستان سید مصطفیٰ ربانی، پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی خدمات اور سعودی حکام کے تعاون کو سراہا، جن کی بدولت یہ منصوبہ مکمل ہو سکا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو موثر اور جدید قونصلر خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نئی بلڈنگ سے مغربی سعودی عرب میں مقیم تقریباً 18 لاکھ پاکستانیوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی، اور قونصلر خدمات کو نئی عمارت میں جلد از جلد منتقل کیا جائے گا۔

