جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 نوجوانوں کو جاپان بھیجنے کا انکشاف، انسانی اسمگلر گرفتار

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 نوجوانوں کو جاپان بھیجنے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم وقاص علی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کا جعلی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تیار کیا اور ویزا کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ کا جعلی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) بھی استعمال کیا۔ ملزم نے نوجوانوں سے فی کس 40 سے 45 لاکھ روپے وصول کیے۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے اس سے قبل 2024 میں بھی اسی نوعیت کے جعلی کاغذات کے ذریعے 17 نوجوانوں کو جاپان وزٹ ویزے پر بھجوایا تھا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے حکام نے واضح کیا کہ اس قسم کی جعلسازی اور انسانی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک بھیجنے والے گروہوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں