ٹورنٹو( نامہ نگار)جماعت احمدیہ کینیڈا کے 47ویں سالانہ اجتماع کی تین روزہ تقریبات کااختتام ہوگیاہے ۔ جماعت کے امیر ملک لعل خان نے اس اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کاشکریہ اداکیاجنہوں نے اس سالانہ اجتماع کے انعقادمیں بھرپورساتھ دیا۔جماعت احمدیہ کینیڈاکے سالانہ اجتماع کی اختتامی تقریب میں انٹاریوکے پریمئیرڈگ فورڈ نےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسے ایک قابلِ فخر موقع قرار دیا اور کہا کہ یہ اجتماع امن، خدمت اور معاشرتی ہم آہنگی کی روشن مثال ہے۔

جماعت احمدیہ کینیڈا کے 47ویں سالانہ اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے پریمئیرڈگ فورڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’جماعت احمدیہ کینیڈا کے 47ویں سالانہ اجتماع میں شرکت کرنا میرے لئے ایک اعزاز تھا۔ یہ سالانہ اجتماع امن، خدمتِ خلق اور رواداری جیسے اعلیٰ انسانی اقدار کو اُجاگر کرتا ہے اور کینیڈا بھر میں جماعت احمدیہ کی طرف سے انجام دی جانے والی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ احمدیہ کمیونٹی کی سرگرمیاں کینیڈین معاشرے میں ہم آہنگی، برداشت اور سماجی بھلائی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔سالانہ اجتماع کینیڈا کا شمارجماعت احمدیہ کے دنیا بھر میں منعقد ہونے والے بڑے اجتماعات میں ہوتا ہے، جس میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔ اس سال بھی یہ اجتماع انٹرنیشنل سینٹر، مسی ساگا میں منعقد ہوا جہاں مذہبی سماجی، اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔اجتماع کی اختتامی تقریب میں ایم پی پی دیپک آنند،نیناٹانگری ،شیرف صباوی اوردیگرنے شرکت کی۔

