جنوبی افریقہ ویمن نے پہلے ٹی20 میں پاکستان کو شکست دے دی

پوچفسٹروم (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی ابتدا مشکلات کا شکار رہی اور 64 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، تاہم کپتان فاطمہ ثناء نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 41 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو ایک مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آخری گیند پر مطلوبہ اسکور حاصل کیا اور 5 وکٹوں پر 181 رنز بناکر کامیابی سمیٹی۔ میزبان ٹیم کی کپتان لاورا وولوارڈٹ 61 رنز بناکر نمایاں رہیں۔اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ ویمن کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔