کولمبو (سپورٹس ڈیسک) – ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے بارش سے متاثرہ 22ویں میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 150 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد گرین شرٹس کا ورلڈکپ میں سفر اختتام کو پہنچ گیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم مقررہ ہدف 306 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 83 رنز ہی بنا سکی۔ بارش کی وجہ سے بارہا کھیل متاثر ہوا اور مزید میچ ممکن نہ رہا، جس کے باعث جنوبی افریقہ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح اپنے نام کی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ نواز 22، نتالیہ پرویز 20 اور سدرہ امین 13 رنز بنا سکیں، جبکہ دیگر بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل ہونے میں ناکام رہیں۔

جنوبی افریقہ کی باؤلنگ میں ماریزان کیپ نے 5 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ناندومیزو شینگیز نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، اور کپتان فاطمہ ثنا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنائے۔ ٹیم کی کپتان لورا وولوراڈٹ نے 82 گیندوں پر شاندار 90 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ماریزان کیپ 68 اور سُن لوئس 61 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

