جنوبی کوریا میں مارشل کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرانے والے سابق وزیر دفاع کم یونگ ہیون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مستعفی ہونے والے سابق وزیر دفاع کم یونگ ہیون کو صدر یون سک ییول کے مارشل لا کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کے استغاثہ نے اتوار کو سابق وزیر دفاع کم یونگ ہیون کو صدر یون سک ییول کے مارشل لا کے نفاذ میں ان کے مبینہ کردار پر گرفتار کر لیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سابق وزیر دفاع کو مقدمہ چلانے کے لیے باقاعدہ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر یون نے گزشتہ دنوں ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا تھا تاہم پارلیمنٹ کی جانب سے اس کو مسترد کیے جانے اور عوام کے شدید احتجاج کے بعد یہ مارشل لا لگانے کا فیصلہ چند گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا۔
صدر یون نے مارشل لا کے نفاذ پر گزشتہ روز ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے خطاب میں قوم سے معافی مانگ لی تھی تاہم مستعفی نہ ہوئے۔صدر یون کے مواخذے کیلئےپارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعت کی جانب سے لائی گئی تحریک بھی گزشتہ روز ناکام ہو گئی تھی۔