سیول(ایجنسیاں)جنوبی کوریا کی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار کم وو بن اور اداکارہ شن من آہ نے طویل رومانوی تعلق کے بعد شادی کر کے نئی زندگی کا آغاز کر دیا۔ دونوں فنکاروں نے اپنے ازدواجی بندھن کی خوشخبری اپنی ایجنسی اے ایم انٹرٹینمنٹ کے ذریعے شیئر کی، جس میں جوڑے کی ایک خوبصورت بلیک اینڈ وائٹ تصویر بھی شامل تھی۔
ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “آج اداکارہ شن من آہ اور اداکار کم وو بن باضابطہ طور پر ازدواجی رشتے میں بندھ گئے ہیں اور ہم ان کے اس نئے سفر کے آغاز پر ملنے والی محبت اور دعاؤں کیلئے شکر گزار ہیں”۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شادی کے بعد بھی دونوں اداکار اپنے فنی سفر کو جاری رکھیں گے اور اسکرین پر اپنی اداکاری سے مداحوں کو محظوظ کرتے رہیں گے۔کم وو بن اور شن من آہ کی شادی کو جنوبی کوریا کی شوبز انڈسٹری کی سب سے یادگار اور خوبصورت تقریبات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

