جوان نظر آنا چاہتے ہیں تو آج سے جلد کی حفاظت شروع کریں

ہم جیسی غذا کھاتے ہیں ویسی نظر آتے ہیں، جو غذائیں ہم کھاتے ہیں، ان کا ہماری صحت، شخصیت اور جلد پر گہرا اثر پڑتا ہے۔

کون ہے جو دیر پا جوان نظر نہیں آنا چاہتا، کئی جوان دکھائی دینے کے لیے خواتین اینٹی ایجنگ کریموں کا استعمال کرتی ہیں جو کسی حد تک ٹھیک ہے۔

تایم دیر پا جوان نظر آنا چاہتے ہیں تو صحت بخش غذائیں اپنی روز مرہ کی خواراک میں شامل کرنا ضروری ہے اور اس کے ساتھ ہی اپنے لائف اسٹائل میں بھی مثبت تبدیلیاں لائی جائیں۔

اس کی ایک عام فہم وجہ یہ بھی ہے کہ آپ جب تک اپنی جلد کے اندرونی ڈھانچے اور مدافعتی نظام کو بحال نہیں کریں گی، آپ اپنی جلد کو دیرپا تروتازہ اور جواں نہیں رکھ پائیں گی۔

طبی ماہرین کے مطابق مخصوص غذائیں ایسی ہیں جنہیں اپنی روز مرہ کی خواراک میں شامل کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو تروتازہ، چمکدار اور جواں سال جلد حاصل کرنے کے لیے پلاسٹک سرجن کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

وٹامن سی کا استعمال:
وٹامن سی ایک زبردست اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جو جلد میں موجود نقصان دہ فری ریڈیکل مالیکیولز کے خلاف لڑتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ وٹامن سی کی حامل غذائیں استعمال کرنےسے جلد کے خلیے دوبارہ پیدا اور بحال ہوتے ہیں، جُھریاں کم ہوتی ہیں اور آپ کی جلد کو سورج کی دھوپ سے نکلنے والی الٹراوائلٹ (UV) شعاعوں سے محفوظ رکھتی ہیں۔

پھل اور سبزیاں، وٹامن سی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ لال اور ہری مرچیں، گوبھی، سبزیوں کا رَس، اِسٹرابیری، تُرش پھل اور کیوی، ان سب کو وٹامن سی کا پاور ہاؤس کہا جاتا ہے۔

لینولیک ایسڈ (Linoleic Acid)کی اہمیت:
انسانی جلد کو تروتازہ اور جواں سال رکھنے کے لیے جن مرکبات کی ضرورت ہوتی ہے، اس میں سب سے بڑا حصہ لینولیک ایسڈ کا ہوتا ہے۔ لینولیک ایسڈ، جلد میں موجود فیٹی ایسڈزکی ایک قسم ہے۔ امریکا میں چار ہزار خواتین پر ہونے والی ایک تحقیق میں ثابت ہوا کہ جن خواتین میں لینولیک ایسڈ مناسب مقدار میں موجود تھا، ان کی جلد زیادہ طویل عرصہ تک صحت مند رہی۔

یاد رکھنے والی بات: آپ کا جسم خودبخود لینولیک ایسڈ پیدا نہیں کرتا، اس لیے آپ کو اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا پڑتا ہے۔سویابین تیل، کنولا تیل، اَخروٹ، بادام اور مٹرکے دانے، لینولیک ایسڈ کے حصول کا بڑا ذریعہ ہیں۔

شکر کا محدود استعمال:
تحقیق نے اس بات کو دُرست ثابت کیا ہے کہ آپ، اضافی شکر اور کاربوہائیڈریٹس کا استعمال جتنا کم کریں گی، آپ کی جلد اتنی ہی زیادہ تروتازہ رہے گی۔

اس کے برعکس، ’ہائی شوگر‘ کی حامل غذائیں کھانے سے کولاجن اور اِلاسٹن کے فائبرز کو نقصان پہنچتا ہے، جلد کی لچک ختم ہوجاتی ہے اور نتیجتاً جلد پر زیادہ جھریاں نمودار ہوتی ہیں اور جلد لٹکنے لگتی ہے۔

شکر کی حامل مٹھائیوں اور مشروبات کے بجائے مزیدار قدرتی شیرنی چیزیں جیسے تربوز، گرما، اَنگور اور ناشپاتی کھائیں۔ یہ زبردست اینٹی آکسیڈنٹس ہیں۔

کولاجن کا استعمال:
کولاجن وہ پروٹین ہے، آپ کی جلد کو جس کی اشد ضرورت رہتی ہے۔ یہ پروٹین سفید اور سرخ گوشت میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ جب آپ پروٹین لیتی ہیں تو جسم میں داخل ہوکر یہ امینو ایسڈز پیدا کرتا ہے۔

اَمینو ایسڈز آپ کی جلد، ہڈیوں اور جوڑوں کی تمام اقسام کی پروٹین جیسے ہارمونز، اِنزائمز اور کولاجن کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ پولٹری، گوشت، مچھلی اور لوبیا، کولاجن کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں