جوڑے نے لوگوں کو جوان بنانے کا جھانسہ دیکر 35 کروڑ کا چونا لگا دیا

نئی دہلی: بھارت کی ریاست اتر پردیش میں دھوکہ دہی کا انوکھا واقعہ پیش آیا، میاں بیوی نے ٹائم مشین کے ذریعے عمر کم کرنے کا جھانسہ دے کرکانپور میں مختلف افراد کو 35 کروڑ سے زائد کا چونا لگا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانپور میں شادی شدہ جوڑے نے اپنے تھراپی سینٹر میں حال ہی میں اسرائیل سے ٹائم مشین لانے اور اس کے ذریعہ 60 سال کی عمر کے لوگوں کو 25 سال کے نوجوان میں تبدیل کرنے کی تشہیری مہم کا آغاز کیا۔

رپورٹس کے مطابق اس بات کو حقیقت جانتے ہوئے راجو دوبے اور اس کی بیوی سے کئی افراد نے جوان بننے کی خواہش کا اظہار کیا، جوڑے کی جانب سے ڈاکٹروں کو بھی مشورہ دیا گیا تھا کہ اگر وہ کیسس انہیں ریفر کرتے ہیں تو انہیں بھی بھاری کمیشن دیا جائے گا۔

جوڑے نے لوگوں سے بھارتی رقم بٹورنے کے بعد ہیلتھ چیک اپ کے نام پر کچھ دنوں تک ان کے معائنے بھی کئے، جس کے بعد یہ جوڑا بھاگ کھڑا ہوا۔

متاثرین کا پولیس سے کی گئی شکایت میں کہنا تھا کہ اسرائیل کے ٹائم مشین کے نام سے ابھی تک تقریبا 40 سے زائد افراد سے 35 کروڑ روپے راجیو دوبے اور اس کی بیوی نے وصول کئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ جوڑا اس وقت فرارہوچکا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ جوان رہنے کی خواہش میں وہ دھوکہ کھا گئے اور ان کی محنت کی رقم ہڑپ لی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں