جھگڑے والی رات شوہر اور میں الگ کمروں میں سوتے ہیں: مریم نفیس

کراچی (شوبز ڈیسک)اداکارہ مریم نفیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اختلافات زندگی کا حصہ ہیں، مگر وہ اور اُن کے شوہر امان احمد جھگڑے کے بعد ایک اصول کے تحت رات کو الگ کمروں میں سوتے ہیں تاکہ ایک دوسرے کو سوچنے کا وقت مل سکے۔مریم نفیس نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے گھریلو زندگی، ازدواجی تعلقات اور اختلافات کو سلجھانے کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ شادی شدہ جوڑوں کو مسائل سے بھاگنے یا خاموش رہنے کے بجائے، مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے کیونکہ گفتگو ہی کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہے۔پروگرام میں شریک ماہرینِ صحت نے وضاحت کی کہ تنازعات کے دوران انسانی جسم میں کارٹیسول ہارمون کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جو منفی سوچوں کو جنم دیتا ہے۔

اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے مریم نفیس نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اور اُن کے شوہر نے ایک خاص اصول طے کر رکھا ہے — جب بھی دونوں کے درمیان کوئی جھگڑا ہو، تو وہ جھگڑے والی رات الگ کمروں میں سوتے ہیں۔ان کے مطابق، “اس سے ہمیں موقع ملتا ہے کہ ہم پرسکون ہوکر سوچیں، جذبات کے بجائے عقل سے فیصلہ کریں، اور اگلی صبح بہتر انداز میں بات کر سکیں۔”

اداکارہ نے مزید کہا کہ اگلی صبح ناشتہ کرتے ہوئے دونوں ایک دوسرے سے کھل کر بات کرتے ہیں اور اسی دوران اختلافات ختم ہو جاتے ہیں۔ان کے بقول، “یہ معمول اب ہماری روایت بن چکا ہے، اور اسی وجہ سے ہمارے تعلق میں تلخی زیادہ دیر نہیں رہتی۔”

یاد رہے کہ مریم نفیس نے ہدایت کار امان احمد سے مارچ 2022 میں شادی کی تھی اور مارچ 2025 میں اُن کے ہاں پہلے بیٹے عیسیٰ کی پیدائش ہوئی۔دونوں شوہر بیوی متعدد ٹی وی پروگراموں میں اکٹھے شرکت کر چکے ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط رشتے اور باہمی احترام کی بات کرتے نظر آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں