جہلم: انجینئر محمد علی مرزا 7 روزہ ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے

جہلم (نمائندہ خصوصی)خود ساختہ اور متنازع مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا کو توہینِ مذہب کے مقدمے میں 7 روزہ ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد علی مرزا کو ابتدائی طور پر 26 اگست کو ڈپٹی کمشنر جہلم کے حکم پر سیکشن 3 مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت حراست میں لے کر ضلعی جیل منتقل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایک مذہبی جماعت کے کارکن کی جانب سے دائر کی گئی شکایت پر تھانہ سٹی جہلم میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295-سی اور پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعہ 11 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

تازہ پیش رفت میں، ملزم کو سخت حفاظتی انتظامات کے تحت راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست پر سینیئر سول جج وقار حسین گوندل کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے 18 ستمبر تک کا ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تفتیش مکمل ہونے پر ملزم کو 19 ستمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

این سی سی آئی اے کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ملزم سے تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں