واشنگٹن (بین الاقوامی میڈیا) جی 7 ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران کے ساتھ جاری جنگ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے پر زور دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی 7 ممالک کے رہنماؤں نے اپنے اجلاس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی تجارت کے اہم سمندری راستے کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران جلد ہتھیار ڈال سکتا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق انہوں نے جی 7 رہنماؤں کے اجلاس میں کہا کہ ایران ہتھیار ڈالنے کے قریب ہے اور اب وہاں کوئی ایسا اعلیٰ عہدیدار باقی نہیں رہا جو باضابطہ طور پر ہتھیار ڈالنے کا اعلان کر سکے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور کمرشل جہازوں کو اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ کام مکمل کرنا ہوگا تاکہ آئندہ پانچ سال بعد ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ کی نوبت نہ آئے۔

