حسن نصر اللہ کی شہادت: مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیل و امریکامخالف مظاہرے

حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سری نگر سمیت متعدد اضلاع میں مظاہرین سیاہ جھنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیل اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس دوران احتجاجی مظاہرین نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے حسن نصر اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوشل میڈیا پر ان کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ”شہید مرتے نہیں، دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔”

واضح رہے کہ دہشت گرد ریاست اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بے گناہوں کا خون بہانا شروع کردیا ہے، تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد شہید ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں حملوں کا دائرہ بھی بڑھا دیا، جنوبی مضافاتی علاقے کولا میں اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل کی شمالی وادی بیکا کے شہر زبود میں تازہ کارروائی کے دوران ایک ہی خاندان کے سترہ افراد شہید ہو گئے، چوبیس گھنٹے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 105 لبنانی شہری شہید ہو ئے۔104 بچوں اور 194 خواتین سمیت شہداء کی مجموعی تعداد 1600 ہوگئی، 8408 زخمی ہیں، جبکہ 20 لاکھ لبنانی شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں