اسلام آباد:شمال مغربی پاکستان میں حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ ایک حکومتی وفد نے سنی اور شیعہ مسلم قبائل کے درمیان فائر بندی کیلئےمذاکرات شروع کر دیے ہیں، یہ اقدام اس ہفتے ہونے والی مسلح جھڑپوں کے بعد کیا گیا ہے جن میں تقریباً 80 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کرم ضلع میں فرقہ وارانہ تصادم جمعرات کو اس وقت شدت اختیار کر گیا جب سنی قبیلے کے مسلح افراد نے متعدد مسافر گاڑیوں پر حملہ کر کے کم از کم 45 شیعہ افراد کو ہلاک کر دیا، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔
جمعہ کو شیعہ کمیونٹی کے افراد نے بدلے کے طور پر سنی اکثریتی گاؤں میں حملے کیے جہاں یہ گھات لگانے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے پٹرول پمپوں کو آگ لگا دی اور بازاروں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچایا۔
خیبر پختونخواہ کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ ایک اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کرم کے شورش زدہ ضلع پاراچنار پہنچا اور وہاں شیعہ کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے رات گئے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ملاقاتیں “مثبت” تھیں اور تمام تنازعات کو دوستانہ طور پر حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ کشیدگی کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں وفد سنی کمیونٹی کے رہنماؤں سے بات کرے گا۔
بیرسٹر محمد علی سیف جو خود بھی حکومتی وفد کا حصہ ہیں، نے کہا، “ہمارا اولین مقصد فائر بندی کرانا اور ضلع میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔”پاکستان کا یہ سرحدی ضلع شیعہ وسنی فرقہ وارانہ تشدد کیلئے معروف ہے، جو طویل عرصے سے جاری اراضی کے تنازعات سے جنم لیتا ہے۔
اس سال کے آغاز میں ایک اراضی تنازع نے کرم میں کئی ہفتوں تک جھڑپوں کو جنم دیا، جس میں اگست سے اکتوبر کے دوران 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان جھڑپوں کے باعث صوبائی حکام کو ضلع سے تمام ٹریفک معطل کرنا پڑا تھا، جب تک کہ قبائلی بزرگوں نے مخالف گروپوں کے درمیان عارضی فائر بندی کا انتظام نہیں کیا۔
اس ہفتے کی جھڑپوں نے ایک بار پھر اس واحد سڑک کو بند کر دیا ہے جو اس ضلع کو صوبائی دارالحکومت پشاور سے جوڑتی ہے، جس کی آبادی تقریباً 8 لاکھ ہے۔
کرم میں تشدد افغان سرحد کے قریب یا اس کے ساتھ واقع متعدد اضلاع میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافے کے دوران ہو رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس مہینے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے جنوب مغربی علاقے میں، جو افغانستان سے متصل ہیں، تشدد کے نتیجے میں درجنوں سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں فوجی بھی شامل ہیں۔