لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے 26 معطل ارکان سے متعلق نااہلی کے معاملے پر فریقین کے درمیان آج مذاکرات کا تیسرا دور ہوا، جس کے بعد معاہدہ طے پا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ دونوں فریقین نازیبا الفاظ کے استعمال سے گریز پر متفق ہو گئے ہیں، اور یہ بھی طے ہوا ہے کہ احتجاج آئینی حدود میں رہ کر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کے فیصلے حتمی ہوں گے، اور اس نتیجے پر پہنچنے پر تمام شرکاء کو مبارکباد دیتا ہوں۔
یاد رہے کہ 28 جون کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران احتجاج پر اسپیکر ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کرتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں 15 جولائی کو اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان ارکان کو جرمانہ جمع کروانے کی ہدایت جاری کی تھی۔
اسپیکر نے اسمبلی کے اجلاس کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں 10 ارکان پر فی کس 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا جس کا مجموعی تخمینہ 20 لاکھ سے زائد بنتا ہے۔

