خاندانوں اور چھوٹے کاروباری مالکان کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے:سونیاسدھو

رکن پارلیمنٹ نے وزیرِ خزانہ فرانسوا فلپ شیمپین کے اعلان کی توثیق کردی

برامپٹن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے کینیڈین شہریوں اور کاروباری اداروں کو بھتہ خوری جیسے جرائم سے بچانے کیلئےنئے اقدامات کا اعلان کر دیا۔برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے وزیرِ خزانہ فرانسوا فلپ شیمپین کے اعلان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مالیاتی انٹیلی جنس کو مضبوط بنا کر ملک بھر، خصوصاً اونٹاریو، برٹش کولمبیا اور البرٹا میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری کی وارداتوں کا سدباب کریگی۔

حکومت کے مطابق جرائم پیشہ نیٹ ورکس سرحد پار روابط اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بھتہ خوری میں ملوث ہیں، جس کے تدارک کیلئے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کے درمیان مربوط تعاون ضروری ہے۔اس مقصد کیلئے فنانشل ٹرانزیکشنز اینڈ رپورٹس اینالیسس سینٹر آف کینیڈا (FINTRAC) کو متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مالیاتی معلومات کے تجزیے اور بروقت فراہمی کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کر سکے۔

بھتہ خوری سے نمٹنے کیلئے FINTRAC کے وسائل میں اضافہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت مالیاتی انٹیلی جنس کی فراہمی۔مالیاتی اداروں، حکومتی ایجنسیوں اور پولیس کے ساتھ ’’کاؤنٹرنگ ایکسٹورشن پارٹنرشپ‘‘ کا قیام، جس میں رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس اور دیگر شراکت دار شامل ہوں گے۔متاثرہ علاقوں میں مالیاتی انٹیلی جنس ماہرین کی تعیناتی تاکہ معلومات کے تبادلے اور تحقیقات کو تقویت دی جا سکے۔

مالیاتی اداروں کیلئے واضح رہنما اصول جاری کرنا تاکہ مشکوک لین دین کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے بھتہ خوری کی رقوم کو چھپانے اور منتقل کرنے کے طریقہ کار پر اسٹریٹیجک انٹیلی جنس رپورٹ جاری کرنا۔یہ اقدامات نئی کینیڈا فنانشل کرائمز ایجنسی کے قیام، آر سی ایم پی کی تفتیشی صلاحیت میں اضافے اور بین الادارہ تعاون کو فروغ دینے جیسے وسیع تر حکومتی اقدامات کا حصہ ہیں۔

سونیا سدھو کا کہنا تھا کہ برامپٹن اور ملک بھر کے خاندانوں اور چھوٹے کاروباری مالکان کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت مالیاتی انٹیلی جنس کو مضبوط بنا کر مجرمانہ نیٹ ورکس کو توڑنے کیلئے پُرعزم ہے۔