خانقاہی نظام انتہا پسندی کیخلاف ،اسلام آباد ،وانا دہشت گرد حملے قابل مذمت ہیں: مشائخ اتحاد کونسل

پاکستان بنانے میں مشائخ نے بھرپور کردار ادا کیا، دہشت گردی کیخلاف آوازاٹھاتے رہیں گے :حبیب عرفانی
مشائخ اتحاد کونسل نے ہمیشہ محبت ، امن کا پیغام دیا ،استحکام ِ پاکستان کیلئےجدوجہد کرتے رہیں گے: صدر کونسل
مشائخ اتحاد کونسل کے (9) ویں یوم ِ تاسیس سے سید سہیل گیلانی ، احسان دانش، پیر عبدالماجد و دیگر کا خطاب

لاہور (نامہ نگار)مشائخ اتحاد کونسل پاکستان کے (9) یوم تاسیس کی پروقار تقریب دربار عالیہ بابا عرفانی چشتی ؒ میں مرکزی صدر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ونگ “پاکستان تحریک انصاف “،مرکزی صدر مشائخ اتحاد کونسل پاکستان ،سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان اورسجادہ نشین سندر شریف ڈاکٹر مخدوم سیّد محمد حبیب عرفانی کی زیر صدارت منعقد ہوئی ، تقریب میں کونسل کے منثور ، کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی ، شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلام آباد اور وانا میں ہونے والے دہشت گرد حملے قابل مذمت ہیں خانقاہی نظام ہمیشہ سے انتہا پسندی کے خلاف ہے درگاہوں پر محبت اور امن کا عشق رسول ؐ کا درس دیا جاتا ہے (78) سال قبل پاکستان بنانے کی تحریک ہو یا دہشت گردی اور نفرت کیخلاف جنگ مشائخ کرام ہمیشہ صف ِ اول میں کردار ادا کرتے ہوئے نظر آتے ہیں یہاں دلوں کی تربیت کی جاتی ہے دلوں میں امیدوں کے دیے روشن کیے جاتے ہیں ۔تقریب کے انتظامات صاحبزادہ سید محمد اخیار حبیب عرفانی کے زیر اہتمام کیے گئے ۔تعارف شرکاء ، تعارف کونسل محمد احسان دانش پیر آف بھلوال شریف/جنرل سیکرٹری ،تقسیم نوٹیفیکیشن و حلف برداری پیر سید سہیل گیلانی سجادہ نشین اُوچ شریف گیلانیہ /چیئرمین مشائخ اتحاد کونسل نے سر انجام دیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مخدوم سید محمد حبیب عرفانی نے کہا سندر شریف مرکز ِ خیر ہے یہاں ہمیشہ اللہ اور اس کے رسولؐکی صدائیں بلند ہوتی ہیں ، صراط ِ مستقیم صرف وہی ہے جو کربلا معلی سے ہو کر حرمین شریفین کو جاتا ہے دنیا پرست بادشاہوں کے ادوار میں آئمہ اہل بیت اور صاحبان ِ طریقت حق کی شمع کو اپنے خون سے روشن رکھا ان کی سیرت سے ہی اولیاء اللہ کے کردار کی تشکیل ہوتی ہے ،صاحبان ِ طریقت کے پاس دو ہی قوتیں ہوتی ہیں تقویٰ اور علم اور یہ علم ہی اصل طاقت ہے اور یہ علم ہی حکومت کرتا ہے حضور ؐ نے فرمایا “علم میری طاقت ہے ” یہ ہتھیار اب ہمارے پاس نہیں ہے اسی کمی کو پورا کرنا ہے پچھلی دو صدیوں میں طریقت کے ادارے کو مشرقی وسطیٰ اور برصغیر میں نشانہ بنایا گیا ہم نے ہی ان فتنوں کا مقابلہ کرنا ہے ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لئے علم بھی چاہیے ، تقویٰ بھی چاہیے اور حکمت بھی چاہیے ۔سرحدوں سے شروع ہونے والی جنگ وانا سے اسلام آباد تک پہنچ گئی ہے دہشت گردی کے خلاف عوام اور فوج کی قربانیاں قابل ِ تحسین ہیں مقتدر حلقوں کو ملک میں افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کرنا ہو گا۔

مرکزی جنرل سیکرٹری مشائخ اتحاد کونسل پاکستان پیر آف بھلوال شریف پیر محمد احسان دانش قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے بنیاد ی مقاصد ، عقیدہ توحید و رسالت ، عقیدہ ختم نبوت ، ناموس اہل بیت و اصحاب رسول کا تحفظ اتحاد امت ، بین المسالک ہم آہنگی ، دینی اقدار کا فروغ ، بزرگان دین کے فیوض و برکات سے دنیا کو روشناس کرانا، مزارات و خانقاہوں پر غیر شرعی امور کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کرنا،ملک پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لئے عوام الناس میں جذبہ حب الوطنی بیدار کرنا، ملک کی سیاسی ، مذہبی جماعتوں کے ساتھ روابط ، مسئلہ کشمیر پر واضع موقف ہے ۔

تقریب کے آخر میں اسلام آباد اور وانا میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت زخمیوں کی جلدصحتیابی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی شہداء کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا گیا ۔ شرکاء نے اسلام آباد او ر وانا میں دہشت گردی کے حملوں کی شدید مذمت کی اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض حافظ محمد اکبر ساقی ،تلاوت قرآن مجید قاری محمد یونس، نعت رسول مقبول ؐ عثمان ظفر ،۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی اور عالم اسلام ، فلسطین و مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی ۔

یوم تاسیس کی تقریب میں پیر سید افضال حسین زنجانی ،پیر سید عثمان نوری ، مخدوم سید قاسم علی گیلانی ، پیر سید منیر علی گیلانی ،پیر سید عبدالماجد شاہ بخاری ،پیر سراج احمد تاجی ، پیر اعظم مہاروی ، پیر عابد عارف نعمانی ، سید زاہد محی الدین شاہ گیلانی ، پیر سید رشید انور علی شاہ گیلانی ، پیر سید زین العابدین بھائی جان ،سید شکیل گیلانی ،پیر سید مکرم علی گیلانی ، پیر سید فرخ گیلانی ، پیر سید نواز گیلانی ، پیر سید زاہد گیلانی ، صاحبزادہ مسعود احمد ثاقب نوشاہی ، ،محمد محتشم طارقی قادری ، ڈاکٹر کامران خضر نوشاہی ، صاحبزادہ عبدالرشید ، پیر محبوب الحسن نوشاہی ، پیر اولاد الحسن نوشاہی ، صاحبزادہ پیر شفیق الرحمن چشتی ، پیر حافظ عمران ، سید افضال حسین زنجانی ، پیر محمد امین ساجد قادری ، خواجہ فخر حسین ،سید محمد عمر گیلانی ، پیر اظہر ہاشمی ، پیر احمد فیاض ، پیر سلیم گیلانی ، حاجی محمد رفیق عابد، عبدالحفیظ عاصم ، محمد جہانگیر،عثمان ٹکا ، ناصر گوندل نے بھی شرکت کی۔

“اعلامیہ یوم تاسیس مشائخ اتحاد کونسل ”
1۔ مشائخ اتحاد کونسل پاکستان دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے،انتہا پسندی ، نفرت انگیز بیانیے کے خاتمے کے لئے اسلامی اصولوں کو اجاگر کیا جائے ۔
2۔درگاہوں پر علم و عرفان ، روایات ، آداب ، علوم ِ تصوف ، خدمت خلق کو فروغ دیا جائے ۔
3۔خانقاہوں نے ہمیشہ امن ، محبت اور علم کا درس دیا ، دلوں کی تربیت کی ، انتہا پسندانہ نظریات نے ہمیشہ ملک و قوم کو نقصان پہنچایا۔دہشت گردی کے خلاف مشائخ اتحاد کونسل پوری قوم کے ساتھ کھڑی ہے ۔
4۔آئین اور قانون کی پاسداری عوام اور حکمرانوں دونوں پر لازم ہے شہریوں کے جان ومال اور عزت کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
5۔ملکی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے ، انتشار سے ملک کمزور ہو گایکطرفہ فیصلے سے پہلے مذاکرات کیے جائیں ۔
6۔بھارت افغان گٹھ جوڑ بُری طرح بے نقاب ہو چکا بھارت ہر وقت جنگ کے بہانے ڈھونڈتی ہے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم متحد ہو کر فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی ۔
7۔جنگ بندی کے باوجود اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے غزہ میں فوج بھیجنے اور ابراھام معاہدے کے بارے میں علماء کرام ، مشائخ کو اعتماد میں لیا جائے ۔
8۔مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے دنیا کے ہر فورم پر موثر آواز اٹھائی جائے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں