خضدار: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

خضدار (نمائندہ خصوصی/اے پی پی/ڈان نیوز)بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں 14 دہشت گرد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

خضدار کے علاقے زہری میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی،دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ،عوام کا سیکیورٹی فورسز کے حق میں نعرے بازی،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خضدار کے زہری علاقے میں آپریشن اس وقت شروع کیا جب فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد مقامی آبادی کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 14 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے اور علاقے کو کلیئر کر لیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔مقامی افراد نے فورسز کی کامیاب کارروائی پر خوشی کا اظہار کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ذرائع کے مطابق، فورسز نے واضح کیا ہے کہ وہ عوام کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہر وقت تیار اور متحرک ہیں۔

یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو بھی بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، اُس کارروائی میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا، جبکہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، اور عوام کے تعاون سے ملک کو غیر ملکی مداخلت اور دہشت گردی کے خطرات سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں