خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ بھارت کی پراکسیز کے ذریعے کروایا گیا:پاک فوج

راولپنڈی/خضدار (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والا خودکش حملہ جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور 38 بچے زخمی ہوئے، دراصل بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورک کی ایک بزدلانہ کارروائی تھی۔ یہ انکشاف پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک سخت بیان میں کیا .

پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ”یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروایا۔ اسکول جانے والے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی اخلاقی پستی اور انسانیت دشمن پالیسیوں کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔”

بھارت، آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں عبرتناک شکست کے بعد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت اور بدامنی پھیلانے کیلئےاپنے ایجنٹوں اور پراکسیز کو استعمال کر رہا ہے۔پاکستانی مسلح افواج پوری قوم کی حمایت سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا ہر سطح پر قلع قمع کریں گی۔

حملے میں ملوث تمام منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانے جیسے انسانیت سوز جرائم کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرے۔

خضدار سانحہ نے پوری قوم کو غمزدہ لیکن متحد کر دیا ہے۔ تمام ادارے، سیاسی و سماجی قیادت اور عوام یک زبان ہو کر اس حملے کی مذمت کر رہے ہیں، اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔یہ وقت اتحاد، قربانی اور عزم کا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں، اپنی مٹی، اور اپنے مستقبل کو ہر دشمن سے محفوظ رکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں