تہران (ایجنسیاں)ایران نے خلیج میں امریکی بینکوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی بینکوں پر حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک میں امریکی بینکوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل ایران کی فوجی قیادت نے متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔
ایران کے مرکزی فوجی کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ ایران متحدہ عرب امارات کے کئی شہروں میں دشمن کے میزائل لانچنگ مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ ان کے مطابق امریکہ نے خطے میں اپنے فوجی اڈوں کے تباہ ہونے کے بعد امارات کی بندرگاہوں، ڈاک یارڈز اور شہری علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے۔
ترجمان نے اماراتی قیادت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور سر زمین کے دفاع کو اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔دوسری جانب ایرانی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ وہ اپ گریڈڈ ہتھیاروں کا استعمال بڑھائیں گے اور بیلسٹک، درست نشان والے اور تباہ کُن میزائل استعمال کریں گے۔

