خوش رکھنا صرف شوہر کی ذمہ داری نہیں، آپ کی بھی ہے:مشیل اوباما

واشنگٹن(ایجنسیاں)سابق امریکی صدر اوباما کی اہلیہ مشیل اوبامانے شادی شدہ جوڑوں کیلئے تعلقات پر مشورہ دیتے ہوئے ایک اہم حقیقت بیان کی کہ شادی میں خوشی صرف شوہر کی ذمہ داری نہیں بلکہ اپنی بھی ہے۔

امریکی شو کے دوران مشیل اوباما نے بتایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ 34 سال گزارے ہیں، لیکن محبت کا سفر ہمیشہ ہموار نہیں رہا۔ انہوں نے اپنے رشتے کو مضبوط رکھنے کیلئے ازدواجی مشاورت (میریج کاؤنسلنگ) کا سہارا لیا، جس نے ان کی سوچ اور نقطہ نظر بدل دیا۔

62 سالہ مشیل اوبامانے کہا کہ اکثر بیویاں سمجھتی ہیں کہ شادی کی مشاورت صرف اس لیے ہوتی ہے کہ شوہر یا شریک حیات کو درست کیا جائے لیکن مشاورت نے انہیں یہ سکھایا کہ خود کو خوش رکھنا اور اپنی ترجیحات میں اہمیت دینا بھی ضروری ہے۔

مشیل اوباما نے کہا “میں چاہتی ہوں کہ لوگ یہ جانیں کہ شادی ایک محنت طلب عمل ہے، بہترین شادیاں بھی محنت مانگتی ہیں۔ اگر آپ کی شادی 50 سال چلے اور ان میں سے 10 سال بہت مشکل ہوں، تو بھی یہ بہترین شادی ہے۔”انہوں نے نوجوان جوڑوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ذرا سی مشکل پر ہار نہیں ماننی چاہیے اور رشتہ مضبوط رکھنے کیلئےمستقل محنت اور سمجھ بوجھ ضروری ہے۔