خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عہدے کا حلف اٹھالیا

(پشاور، نمائندہ خصوصی)پشاور (ڈان نیوز) خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پیر کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان سے حلف لیا۔

تقریبِ حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد پنڈال میں موجود رہی جو مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے 8 اکتوبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی تصدیق پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چیئرمین عمران خان نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے۔

بعد ازاں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کے استعفوں میں دستخطوں کے فرق کے باعث انہیں واپس کر دیا تھا اور سابق وزیراعلیٰ کو 15 اکتوبر کو گورنر ہاؤس طلب کیا تھا۔ گورنر نے اس حوالے سے ایک خط بھی جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ گورنر ہاؤس کو 8 اور 11 اکتوبر کو دو استعفے موصول ہوئے مگر دونوں پر دستخط مختلف تھے۔علی امین گنڈاپور نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے دونوں استعفوں پر اصلی دستخط ہیں۔

13 اکتوبر کو اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ حاصل کر کے صوبے کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔

تاہم گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور نہیں ہوتا، نیا وزیراعلیٰ منتخب نہیں کیا جا سکتا۔

اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس پر عدالت نے گورنر کو حکم دیا کہ وہ 15 اکتوبر کو شام 4 بجے تک سہیل آفریدی سے حلف لیں، اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو اسپیکر اسمبلی کو حلف لینے کا اختیار حاصل ہوگا۔

عدالتی فیصلے کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبرپختونخوا کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی کراچی سے پشاور پہنچے اور آج عدالت کے حکم کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں