خیبر پختونخوا اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری

پشاور (بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ انتخاب 13 اکتوبر کی صبح 10 بجے ہوگا، جبکہ علی امین گنڈا پور کے مستعفی ہونے کے بعد سہیل آفریدی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد 13 اکتوبر کی صبح 10 بجے ایوان میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔

8 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کی تصدیق کی تھی۔ اسی روز علی امین گنڈا پور نے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عمران خان کے حکم پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “وزارتِ اعلیٰ کی پوزیشن بانیِ پی ٹی آئی کی امانت تھی، جو اب انہیں واپس کر رہا ہوں۔ سہیل آفریدی کو میری حمایت حاصل ہوگی۔”

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ 11 اکتوبر کی دوپہر باقاعدہ طور پر گورنر کو موصول ہوا۔ آئین و قانون کے مطابق استعفے کی جانچ پڑتال کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو شفاف طریقے سے مکمل کیا جائیگا۔

“نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بارے میں”
سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے صوبائی صدر رہ چکے ہیں۔ وہ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

وہ علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں معاونِ خصوصی برائے مواصلات رہنے کے بعد صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے ساتھ ہی صوبے کی سیاسی فضا میں ایک نئی کشمکش اور جوش پیدا ہو گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سہیل آفریدی کے انتخاب سے پی ٹی آئی کے اندرونی اتحاد اور عمران خان کی ہدایت کی نوعیت مزید واضح ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں