خیبر پختونخوا سینیٹ الیکشن مکمل، مراد سعید سمیت پی ٹی آئی کے 6 امیدوار کامیاب

پشاور( نمائندہ خصوصی)خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایوان بالا کی 11 نشستوں پر سینیٹ انتخابات مکمل ہو گئے، سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مراد سعید سمیت 6 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ اپوزیشن نے 5 نشستیں حاصل کیں۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے سرکاری نتائج جاری کر دیے، جن کے مطابق پی ٹی آئی نے 6 اور اپوزیشن جماعتوں نے 5 نشستیں حاصل کیں۔ ریٹرننگ آفیسر نے کامیاب امیدواروں کے لیے سرٹیفکیٹ آف الیکشن (فارم 58) بھی جاری کر دیے۔

سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مراد سعید نے 26، فیصل جاوید نے 22، پیر نورالحق قادری اور مرزا گل آفریدی نے 21، 21 ووٹ حاصل کیے۔ ٹیکنوکریٹ اور خواتین نشستوں پر اعظم سواتی اور روبینہ ناز نے بالترتیب 89، 89 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کے تحت پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود نے جنرل نشست پر 17 ووٹ، مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد خان اور جے یو آئی (ف) کے عطا الحق درویش نے 18، 18 ووٹ حاصل کیے۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی (ف) کے دلاور خان نے 54 ووٹ حاصل کیے جبکہ خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کامیاب ہوئیں۔

“معاہدے پر عملدرآمد اور انتخابی فارمولا”

سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اپوزیشن کے مابین طے شدہ 6-5 کے فارمولے پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر نے معاہدے کی نگرانی کی، جس کے تحت اراکین کو جنرل نشستوں پر 7 ترجیحات کی بنیاد پر ووٹ ڈالنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کل 145 ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ جنرل نشستوں پر حکومت نے 4 جبکہ اپوزیشن نے 3 امیدوار میدان میں اتارے، خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر دونوں جانب سے 2،2 امیدوار میدان میں تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی، اور نورالحق قادری جنرل نشستوں پر جبکہ روبینہ ناز (خواتین) اور اعظم سواتی (ٹیکنوکریٹ) امیدوار تھے۔ اپوزیشن کی طرف سے طلحہٰ محمود، نیاز احمد، عطا الحق (جنرل)، روبینہ خالد (خواتین) اور دلاور خان (ٹیکنوکریٹ) امیدوار تھے۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی اتحاد کو 92 جبکہ اپوزیشن کو 53 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

“سینیٹ الیکشن کی تاخیر اور میڈیا پر پابندی”

واضح رہے کہ 2 اپریل 2024 کو یہ الیکشن اسپیکر کی جانب سے مخصوص نشستوں پر ارکان کا حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی بنا پر ملتوی کر دیے گئے تھے۔

انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کی ہدایت پر میڈیا کو صوبائی اسمبلی کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرکاری اور نجی چینلز کو اسمبلی میں کوریج سے روکا گیا، جس پر صحافتی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا۔

خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات پرامن طور پر مکمل ہو گئے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طے شدہ فارمولے پر عملدرآمد سے سیاسی استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں