پشاور( نمائندہ خصوصی)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 35 خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ، جنوبی وزیرستان، مہمند اور شمالی وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 22 بھارتی سرپرستی کے حامل خوارج مارے گئے۔ جنوبی وزیرستان میں ایک اور کارروائی میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران پاک فوج کے 12 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر اپنی جانیں قربان کیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دو روز قبل مہمند کے علاقے گلونو میں آپریشن کے دوران 14 مزید خوارج کو مارا گیا تھا، جبکہ شمالی وزیرستان کے دتہ خیل میں 4 اور بنوں میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا۔تمام ہلاک شدہ دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری کو سراہا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور ان کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر تباہ کیا جائے گا۔

