پشاور (نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے ممکنہ عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کے استعمال میں احتیاطی اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس حوالے سے محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے کے باعث سرکاری اداروں میں ایندھن کے استعمال کو محدود کیا جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے غیر ضروری سرکاری دوروں اور تقریبات پر فوری پابندی عائد کردی ہے جبکہ سرکاری دفاتر کو ایندھن کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت کے مطابق سرکاری گاڑیاں صرف سرکاری اور ناگزیر امور کیلئےاستعمال کی جائیں گی اور ایک ہی مقصد کیلئے متعدد سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے گریز کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں بین الاضلاعی اور اندرونی اجلاس زیادہ سے زیادہ آن لائن منعقد کرنے اور سرکاری دفاتر میں ایندھن کے استعمال کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایندھن کے استعمال کو ہنگامی اور ضروری امور تک محدود رکھا جائے جبکہ محکمہ خزانہ نے تمام ماتحت دفاتر کو ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

