داروغہ والا: محلہ داروں کی لڑائی دیکھتے گولی لگنے سے زخمی طالبہ 8روز بعد چل بسی

میڈیکل کی طالبہ آمنہ رشید گھر کی چھت پر کھڑی تھی،اچانک فائرنگ ہونے پر گولی اسے آ لگی

طالبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی

لاہور (نمائندہ خصوصی) داروغہ والا کے علاقے حسن آباد چوک میں محلہ داروں کے درمیان لڑائی کے دوران فائرنگ سے زخمی میڈیکل کی طالبہ حافظہ آمنہ رشید دختر رشید احمد ہسپتال میں 8 روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز چل بسی، واقعہ کیخلاف اہل محلے نے شدید احتجاج کیا۔

تفصیل کے مطابق حسن آباد چوک داروغہ والا کی رہائشی میڈیکل کی طالبہ حافظہ آمنہ چند روز قبل محلے میں دو گروپوں کے درمیان ہونیوالا لڑائی گھر کی چھت پر کھڑی دیکھ رہی تھیں کہ اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع ہوگئی اور ایک گولی آمنہ کو آن لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی، اسے فوری تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آٹھ روز تک زیر علاج رہنے کے بعد گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق لاش کو ایمبولینس کے ذریعے پوسٹ مارٹم کیلئےمنتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کے ذمہ داروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، واقعہ کے خلاف اہل محلہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مقتول طالبہ کے ورثاءکو انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں