دبئی:آوازیں کسنے والے بھارتی شائقین کو حارث رؤف نے 6.0سمجھادیا

دبئی( کرک انفو، سوشل میڈیا رپورٹس)ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں جہاں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی، وہیں پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف اپنی جارحانہ باؤلنگ اور منفرد ردعمل سے توجہ کا مرکز بنے رہے۔ بھارتی شائقین کے کوہلی کے نعرے لگانے پر حارث رؤف نے اشاروں میں جواب دیا جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے دوسرے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کا 172 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ تاہم میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھارتی شائقین اور بیٹرز دونوں کے لیے مرکز نگاہ بنے رہے۔

میچ کے دوران بھارتی شائقین نے حارث رؤف کو تنگ کرنے کے لیے بار بار “کوہلی، کوہلی” کے نعرے لگائے، جس پر فاسٹ باؤلر نے اشاروں میں 6 رافیل طیاروں کے گرنے کی اداکاری کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا۔ یہ منظر دیکھ کر اسٹیڈیم میں موجود شائقین میں جوش و خروش بڑھ گیا اور سوشل میڈیا پر بھی حارث رؤف کے ردعمل کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر شائقین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف بھارتی فینز کو رافیل طیاروں کے گرنے کا منظر یاد دلا رہے تھے۔ ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:
“یہ ہے اصل فاسٹ باؤلر، جو صرف باؤلنگ نہیں بلکہ ذہنی دباؤ بھی واپس دے رہا ہے۔”

ایک اور صارف نے لکھا کہ “0-6 بہترین ہے” جس کا مطلب تھا کہ حارث رؤف نے بھارتی شائقین کو چھ طیاروں کے گرنے کی کہانی سنائی۔یہ واقعہ میچ میں ایک الگ رنگ لے آیا اور پاکستانی مداحوں نے حارث رؤف کے حوصلے اور رویے کو سراہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں