دبئی:انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کیلئے انعام کا اعلان

دبئی(سپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کیلئے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف فائنل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50،50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹیم سے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ محسن نقوی نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی اور ان کی مزید تربیت اور سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے دبئی میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 348 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

یہ پاکستان کا انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسرا ٹائٹل ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔