دبئی:سمیر منہاس کی بھارت کیخلاف شاندار پرفارمنس، کئی ریکارڈ توڑ دیے

دبئی( اے سی سی، آئی سی سی)پاکستان انڈر 19 ٹیم کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کئی اہم ریکارڈ توڑ دیے۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے سمیر منہاس نے فائنل میں 113 گیندوں پر 172 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی اور میچ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

سمیر منہاس نے اپنی اننگز کے دوران پاکستان انڈر 19 کی جانب سے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں باؤنڈریز کے ذریعے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے 122 رنز صرف باؤنڈریز کی مدد سے اسکور کیے، اس سے قبل یہ ریکارڈ شمائل حسین کے پاس 94 رنز کے ساتھ تھا۔

172 رنز کی یہ اننگز پاکستان انڈر 19 کی جانب سے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ثابت ہوئی، جس سے قبل شاہزیب خان کا 159 رنز کا ریکارڈ موجود تھا۔ سمیر منہاس نے پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 447 رنز بنائے اور ایونٹ کے سب سے نمایاں کھلاڑی قرار پائے۔

سمیر منہاس کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا اور انہوں نے اپنا نیچرل گیم کھیلا۔ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعد سمیر منہاس کے گھر پر بھی شاندار جشن منایا گیا، جہاں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور اہلِ محلہ نے ڈھول کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کیا۔

سمیر منہاس کی جارحانہ بیٹنگ پر ان کے والد اور بھائی بھی بے حد خوش دکھائی دیے، جبکہ ہر چوکے اور چھکے پر دوستوں اور گھر والوں نے پاکستان کی جیت کا جشن منایا۔