کراچی (نامہ نگار)— یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کر دی ہے، دشمن یاد رکھے کہ اگلی بار اسکور 0-6 تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اللہ کی مدد سے 0-60 ہوگا۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن اس عہد کی تجدید ہے کہ قوم اور افواج متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، دشمن کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے،آئندہ بھی منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔
شہریار خان نے کہا: “یہ تقریب ایک رسم نہیں بلکہ اعلان ہے کہ پاکستان کے شہری اور محافظ ہر دم چوکس اور تیار ہیں۔”ان کے مطابق قائداعظمؒ کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے پاک فضائیہ دفاع وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف جنگی محاذ بلکہ قدرتی آفات، ریسکیو آپریشنز اور عالمی امن مشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، ایڈوانس ویپن سسٹمز، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور آئی ٹی کی بدولت اب ایک نیکسٹ جنریشن ایئرفورس بن چکی ہے۔
شہریار خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور پاک فضائیہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا”یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، اگلی بار اسکور 0-60 تک محدود نہیں ہوگا، یہ اللہ کی مدد سے 0-60 ہوگا۔”
یوم دفاع کی اس تقریب میں مسلح افواج کے دستوں نے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ ایئر وائس مارشل شہریار خان کے خطاب نے حاضرین کو جوش و جذبے سے بھر دیا۔

