دفتر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر ردعمل دیدیا

دفتر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کو غیر تعمیری اور بے مقصد قرار دے دیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظور قرارداد کو نوٹ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ قرارداد کی منظوری کا وقت اور حالات دوطرفہ تعلقات اور مثبت محرکات سے مطابقت نہیں رکھے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ امریکی نمائندگان کی قرارداد پاکستان میں سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل سے نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے۔
دفتر خارجہ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچواں بڑا جمہوری ملک ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان آئین اور انسانی حقوق کو اہمیت دینے کا عزم کیے ہوئے ہے، پاکستان اپنے قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان باہمی احترام اور مفاہمت کی بنیاد پر تعمیری مذاکرات اور رابطوں پر یقین رکھتا ہے، ایسی قراردادیں نہ تعمیری ہیں اور نہ ہی بامقصد ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امید ہے امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کرے گی، پرامید ہیں کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں باہمی اشتراک کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں