دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پاؤں تلے روند دیں گے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد(آئی ایس پی آر)وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان نے تاریخ کی شاندار ترین فتح حاصل کی دشمن کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا.وزیرِاعظم شہباز شریف نے کامرہ ایئر بیس پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ عسکری کامیابی کو قومی تاریخ کی سب سے شاندار فتح قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی نے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کر دیا اور دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ اگر میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے روند ڈالا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ 6 سے 10 مئی تک پاک فضائیہ نے اپنی اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے اور اُس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ 10 مئی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے تکنیکی مہارت سے جنگ جیتی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے اربوں ڈالر خرچ کرکے جنگی ساز و سامان خریدا اور خود کو خطے کا تھانیدار ظاہر کیا، مگر 10 مئی کو یہ غرور خاک میں ملا دیا گیا۔ بھارت کے چھ طیارے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے، پاک فضائیہ نے نشانہ بنائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ دشمن نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، جبکہ پاکستان نے صرف دشمن کی فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا۔

وزیرِاعظم نے معرکۂ حق میں بہادری دکھانے والے پاک فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیرِدفاع خواجہ آصف، احسن اقبال اور عطا اللّٰہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

یاد رہے کہ وزیرِاعظم نے گزشتہ روز پسرور چھاؤنی سیالکوٹ کا دورہ بھی کیا اور “آپریشن بنیانِ مرصوص” میں شریک افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں