دوحہ: ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف کی مسلسل دوسری فتح

دوحہ (اسپورٹس ڈیسک) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی۔

ایونٹ کے دوسرے دن محمد آصف نے بحرین کے ہشام الساقر کو 0-4 کے فریمز سے شکست دی۔ ان کے حق میں جیت کا اسکور 16-102، 44-76، 07-73 اور 0-100 رہا، اور انہوں نے 56 کا عمدہ بریک بھی کھیل کر اپنی برتری ظاہر کی۔

اسی طرح قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے رنرز اپ رانا عرفان محمود نے تائیوان کے لین شو ہنگ کو 1-4 سے ہرا دیا۔ ان کے حق میں جیت کا اسکور 01-68، 18-83، 62-32، 26-79 اور 10-79 رہا۔

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں 43 کھلاڑیوں کو 11 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ راؤنڈ میچز کے بعد ہر گروپ سے دو کھلاڑی لاسٹ 22 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ راؤنڈ رابن کے اختتام پر بہترین گروپس کے فاتح پری کوارٹر فائنل کھیلیں گے جبکہ دیگر 12 کھلاڑی لاسٹ 22 کے لیے کوالیفائی کریں گے۔