دوسری جنگ عظیم میں سوویت یونین کی فتح کے 80 سال مکمل ہونے پرلاہور؍اسلام آباد میں تقریبات

Victory Day

اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی
صدر آصف علی زرداری تھے جبکہ لاہور میں روسی سفیر البرٹ کھوروو نے تقریب کی صدارت کی

پاکستان روس کوعالمی طاقت مانتا ہے جس کا علاقائی امن و استحکام یقینی
بنانے میں کلیدی کردار ہے:صدر مملکت آصف زرداری

یقین ہے روس اور پاکستان کے درمیان دوستی کا رشتہ مضبوط تر ہوتا رہے گا:آصف زرداری

پاکستان کا روس یوکرین تنازع میں غیر جانبدار مؤقف قابلِ تحسین ہے: روسی سفیر البرٹ کھوروو

سوویت یونین کی دوسری عالمی جنگ میں فاشزم کیخلاف بہادری اور قربانیاں یاد رکھی جائیں گی:البرٹ کھوروو

لاہور : دوسری جنگ عظیم میں سوویت یونین کی فتح کے 80 سال مکمل ہونے کی خوشی میں اسلام آباد اور لاہور میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں سیاسی جماعتوں کے اراکین، سفراء اور غیر ملکی مہمانوں سمیت پاکستان میں مقیم رشین کمیونٹی کے ممبران، ادیب، دانشور، صنعت کاروں اورصحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے ان کے ہمراہ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی،سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا پاکستان روس کوعالمی طاقت تسلیم کرتاہے جس کا علاقائی امن واستحکام یقینی بنانے میں کلیدی کردارہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ روس اور پاکستان کے مابین دوستی کا رشتہ مضبوط تر ہوتا رہے گا۔بعدازاں انہوں نے کیک کاٹ کر روسی عوام کو عظیم کامیابی پر مبارکباد دی۔

پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ کھوروو نے روس-یوکرین تنازع میں پاکستان کے غیرجانبدار مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مختلف شعبہ جات میں فروغ پا رہے ہیں جن میں تجارت، توانائی، زراعت، تعلیم اور ثقافت شامل ہیں۔ روسی سفیر کا کہنا تھا کہ سوویت یونین کی دوسری عالمی جنگ میں فاشزم کے خلاف بہادری اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اس جنگ میں روسی عوام نے تین کروڑ جانوں کا نذرانہ دیا۔ آج نازی ازم کے دوبارہ ابھرنے کے خلاف عالمی سطح پر اتحاد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوویت یونین کی فاشزم پر فتح کے 80ویں یومِ فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو روسی قونصل خانہ، روسی مرکز برائے سائنس و تعلیم اور لاہور پریس کلب کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

روسی سفیر نے کہا ہم ایک نہایت اہم موقع فتح کے دن کی 80ویں سالگرہ منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ یہ دن تاریخ کی ایک عظیم کامیابی فاشزم اور ناززم پر دوسری جنگ عظیم میں حاصل کردہ فتح کی یاد دلاتا ہے۔ روس اس اہم سنگِ میل کو بڑے وقار اور عقیدت سے مناتا ہے۔ یہ تقریب نہ صرف ان بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے آزادی کیلئےلڑائی لڑی بلکہ یہ امن، اتحاد، اور ان عظیم اقدار کے ساتھ ہمارے عہد کی تجدید کا بھی دن ہے جو اس تاریخی فتح کی بنیاد ہیں۔آئیے ہم ماضی کو یاد رکھیں، اس سے سبق حاصل کریں، اور امید اور حوصلے کے ساتھ مستقبل کی جانب بڑھیں۔

تقریب سے قونصل جنرل لاہور حبیب احمد، ڈاکٹر شاہد حسن، ڈاکٹر اشرف نظامی، قمر زمان کائرہ، لیاقت بلوچ، ابو زر شاہ، ڈاکٹر افتخار بخاری،لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور احمد اویس نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، تحقیق اور عوامی سطح پر تبادلہ خیال کے ذریعے دنیا میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ تقریب میں ثقافتی رقص بھی پیش کیے گئے اور اسفندیار خٹک نے خوشحال خان خٹک کی شاعری پر کلاسیکل رقص پیش کیا جسے خوب داد ملی۔

قبل ازیں روسی سفیر نے رشین سائنس کلچر اور ایجوکیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر لاہور پریس کلب میں روسی زبان سکھانے والے استاد امتیاز الحق سے روسی زبان سیکھنے والے طلبا میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے اور روسی ثقافت اور روسی تاریخ میں سرگرم حصہ لینے والو ں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں