رابعہ کلثوم کا دیپیکا پڈوکون پر ہونیوالی تنقید پر ردِعمل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ رابعہ کلثوم نے حاملہ بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون پر ہونے والی تنقید پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

رابعہ کلثوم نے اپنی انسٹا اسٹوری پر دیپیکا پڈوکون کی فلم’کالکی‘ کے پروموشن کے ایک ایونٹ کی ویڈیو شیئر کی۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر کیے گئے کمنٹس پڑھنے کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ خواتین پر ظلم کرنے کے لیے مردوں کی ضرورت ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ عورتیں ہی عورتوں کو بدنام کرنے، تنقید کرنے اور ایک دوسرے کو حقارت سے دیکھنے کے لیے کافی ہیں۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ جس دنیا میں ہم رہتے ہیں یہ بہت بری ہے۔

رابعہ کلثوم نے اپنی انسٹا اسٹوری کے آخر میں یہ سوال بھی کیا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ حقوقِ نسواں کے لیے چلائی جانے والی تحریک’فیمنزم‘ آخر ہے کیا؟

واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون نے گزشتہ روز اپنی نئی فلم’کالکی‘ کے پرومشن کے لیے منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ان وائرل ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین جن میں بیشتر خواتین شامل ہیں اس بات پر تنقید کرتی نظر آ رہی ہیں کہ اداکارہ نے حاملہ ہوتے ہوئے جس طرح کے کپڑے اور ہائی ہیلز پہن کر تقریب میں شرکت کی ہے اس سے ایک بہت ہی غلط مثال قائم کی ہے۔

جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ صرف دکھاوا ہے اور اصل میں دیپیکا پڈوکون حاملہ نہیں ہیں بلکہ سروگیسی کے ذریعے ان کے بچے کی پیدائش ہوگی، ویڈیوز اور تصاویر میں ان کی جسامت سے بھی بالکل ایسا نہیں لگ رہا کہ وہ حاملہ ہیں کیونکہ ان کا وزن بالکل بھی بڑھا ہوا محسوس نہیں ہو رہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں