راولپنڈی(نامہ نگار) اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرادی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی، ملاقات گزشتہ روز جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی، جہاں دونوں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور زیرِ سماعت مقدمات پر گفتگو کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی گئی تھی، ملاقاتیں جیل قوانین کے مطابق ہو رہی ہیں تاہم جیل انتظامیہ نے بیرونِ جیل سے کسی عزیز، رشتہ دار یا پارٹی رہنما کو ان دونوں سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے وکیل کی جانب سے گزشتہ روز کچھ ضروری سامان جیل انتظامیہ کو فراہم کیا گیا، جس میں کمبل، گرم کپڑے، میوہ جات، کھجوریں اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔
واضح رہے کہ 20 دسمبر کو خصوصی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ کیس مئی 2021 میں سرکاری دورے کے دوران سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے قیمتی بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت پر خریداری سے متعلق ہے۔
استغاثہ کے مطابق جیولری سیٹ کی مالیت تقریباً 8 کروڑ روپے تھی جو مبینہ طور پر 2 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کر کے اپنے پاس رکھا گیا۔ عمران خان اگست 2023 سے قید میں ہیں اور 190 ملین پاؤنڈ بدعنوانی کیس میں 14 سال قید کی سزا اڈیالہ جیل میں کاٹ رہے ہیں جبکہ 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں، بشریٰ بی بی بھی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

