راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر صوبائی وزرا اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ دھرنا دے دیا۔ پولیس کی بھاری نفری گورکھپور ناکے پر تعینات ہے جہاں سے وزیرِ اعلیٰ کو اڈیالہ جیل جانے سے روک دیا گیا۔
سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، وہ وہیں بیٹھے رہیں گے۔ ان کے مطابق وہ بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ادھر اڈیالہ جیل میں آج ملاقات کا وقت ختم ہوگیا اور وزیرِ اعلیٰ کے پی سمیت کسی بھی رہنما کو بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
دھرنے کے موقع پر صوبائی وزیر شفیع جان، رکنِ قومی اسمبلی شاہد خٹک، صوبائی وزیر مینا خان، شوکت یوسفزئی، امیر اللّٰہ مروت اور شفقت عباس بھی وزیرِ اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔

