راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) گرین لائن ایکسپریس آج راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے روانگی کے فوراً بعد بیکری چوک کے قریب پٹری سے اتر گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ریلوے حکام کے مطابق واقعہ راولپنڈی اور نور جنکشن کے درمیان پیش آیا جب انجن اور ایکسپریس ٹرین کی متعدد بوگیاں اچانک پٹری سے اتر گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین اس وقت ’’خالی ریک‘‘ تھی، یعنی اس میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا، جس کے باعث ممکنہ بڑا سانحہ ٹل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان ریلوے کے افسران اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو محفوظ بنا لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں عندیہ دیا گیا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر پٹری کی ناقص دیکھ بھال اور موڑ پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔پاکستان ریلوے کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن سے بھاری مشینری اور ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے تاکہ متاثرہ ٹریک کو کلیئر کر کے بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

