راولپنڈی: لاہور جانے والی بس کو چکری انٹرچینج پر حادثہ، 5 مسافر جاں بحق، 28 زخمی

راولپنڈی( نمائندہ خصوصی)راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر بس چکری انٹرچینج کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد زخمی ہو گئے۔

موٹروے پر پیش آنے والے حادثے میں بس پھسلن کے باعث الٹ گئی۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق مسافر بس راولپنڈی سے لاہور جارہی تھی کہ چکری انٹرچینج کے قریب اچانک پھسلن کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی اور کچے میں اتر کر الٹ گئی۔ اس افسوسناک حادثے میں موقع پر ہی 5 مسافر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 28 افراد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں — ڈی ایچ کیو چکوال، پمز اسلام آباد اور راولپنڈی — منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

موٹروے پولیس نے حادثے کی ابتدائی وجہ پھسلن قرار دی ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں