راولپنڈی (اسپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالئے۔ سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کو پہلا نقصان 35 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب امام الحق 17 رنز بناکر اسپنر سائمن ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق نے 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی مگر وہ بھی ہارمر کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان شان مسعود نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ اسپنر کیشو مہاراج کا دوسرا شکار بنے۔
چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 16 رنز بناکر مہاراج کی گیند پر ٹونی ڈی زورزی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان بھی 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنائے تھے، سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر اور کیشو مہاراج نے دو، دو جبکہ کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں، پاکستان نے میچ میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حسن علی کی جگہ اسپنر آصف آفریدی کو موقع دیا، جو 38 سال 299 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے دوسرے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی بن گئے۔ پاکستان کے سب سے عمر رسیدہ ڈیبیو کھلاڑی میراں بخش نے 47 سال 284 دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئیں — مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کو ویان ملڈر اور پرینیلائن سبرائن کی جگہ شامل کیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

