واشنگٹن (رائٹرز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روسی تیل کی خریداری فوری طور پر بند کریں اور یوکرین میں جنگ بندی کیلئےماسکو پر سخت معاشی پابندیاں عائد کریں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، صدر ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو ایک خط میں کہا ہے کہ وہ روس کے خلاف اجتماعی طور پر بڑے پیمانے پر اقتصادی اقدامات کریں۔ انہوں نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا:”میں روس پر بڑی پابندیاں لگانے کیلئےتیار ہوں، جب تمام نیٹو ممالک اس پر متفق ہوں گے اور عمل شروع کریں گے، اور جب تمام نیٹو ممالک روس سے تیل خریدنا بند کر دیں گے۔”
ٹرمپ نے مزید تجویز دی کہ نیٹو بطور گروپ چین پر 50 سے 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرے تاکہ ماسکو پر اس کے معاشی اثر کو کم کیا جا سکے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے حالیہ دنوں روسی تیل خریدنے والے ممالک، خصوصاً چین اور بھارت، پر ممکنہ پابندیوں کی دھمکیاں دی ہیں۔ فی الحال امریکا نے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کیا ہوا ہے، تاہم چین کے خلاف اس نوعیت کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روس پر معاشی دباؤ بڑھا کر یوکرین میں جنگ بندی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، تاہم یورپی ممالک اب تک روسی توانائی پر اپنے انحصار کی وجہ سے محتاط پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

