واشنگٹن/نئی دہلی (نامہ نگار، غیر ملکی ذرائع)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے روسی تیل کی خریداری محدود کرنے کے واشنگٹن کے مطالبات پورے نہ کیے تو امریکا بھارتی اشیا پر ٹیرف بڑھا سکتا ہے۔ یہ بیان ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران سامنے آیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ بھارت تجارت کرتا ہے اور امریکا ان پر بہت تیزی سے ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کو اچھا آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ امریکا خوش نہیں ہے اور انہیں واشنگٹن کو مطمئن کرنا ضروری تھا۔
امریکا نے گزشتہ برس روسی تیل کی بڑی مقدار میں خریداری پر بھارت کو سزا کے طور پر درآمدی ٹیرف 50 فیصد تک بڑھایا تھا، تاہم نومبر میں بھارتی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے باوجود بھارت نے امریکی مطالبات کے مقابلے میں سخت مؤقف اختیار رکھا اور زرعی درآمدات جیسے شعبوں میں محدود لچک کا عندیہ دیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے ریفائنریوں سے روسی اور امریکی تیل کی ہفتہ وار خریداری کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں اور امکان ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ تجارتی معاہدے کے تحت روسی خام تیل کی درآمدات کم ہو کر یومیہ 10 لاکھ بیرل سے نیچے آ جائیں۔
ٹیرف عائد ہونے کے بعد نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کم از کم تین مرتبہ فون پر بات چیت ہو چکی ہے، تاہم یہ مذاکرات تاحال کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔ گزشتہ ماہ نئی دہلی میں بھارتی سیکریٹری تجارت راجیش اگروال نے امریکی نائب تجارتی نمائندے رک سوئٹزر سے دو طرفہ تجارت اور معاشی تعلقات پر بات چیت کی تھی۔

