روس کا یوکرین پر بڑا حملہ، سیکڑوں ڈرون اور میزائل داغے گئے

کیف (رائٹرز)روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کرتے ہوئے سیکڑوں ڈرون اور میزائل داغے جن کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، جب کہ پولینڈ نے اپنی فضائی حدود بند کر دیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کو روس نے دارالحکومت کیف اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی فوج نے بتایا کہ روس نے رات بھر میں 595 ڈرون اور 48 میزائل فائر کیے جن میں سے 568 ڈرون اور 43 میزائل فضائی دفاعی نظام نے مار گرائے۔ فوجی حکام کے مطابق حملے کا مرکزی ہدف دارالحکومت کیف تھا۔

یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ حملہ 12 گھنٹے سے زیادہ جاری رہا جس کے دوران ایک امراض قلب کے کلینک، فیکٹریوں اور رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ روس کی توانائی کی آمدنی روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔

روسی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ یوکرین پر فضائی اور بحری ہتھیاروں اور ڈرونز کے ذریعے وسیع حملہ کیا گیا جس کا ہدف فوجی انفرااسٹرکچر اور فضائی اڈے تھے۔ ماسکو نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے، حالانکہ اب تک اس کے حملوں میں ہزاروں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق کیف کے نواحی علاقوں میں کئی نئی رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جب کہ متعدد گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ یوکرین کی ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوئے جن میں جنوبی شہر زاپوریزیا کے 16 افراد بھی شامل ہیں۔

یوکرین کے محدود فضائی دفاعی نظام پر یہ حملے شدید دباؤ ڈال رہے ہیں۔ زیلنسکی نے کہا کہ اسرائیل سے ایک اضافی پیٹریاٹ میزائل سسٹم تعینات کر دیا گیا ہے اور مزید دو جلد پہنچنے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں